بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتری خالصہ کے جنم دن اور بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا اور دیگر حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
خالصہ کے 325 ویں جنم دن اور بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کا استقبال صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر اور دیگر حکام نے کیا۔
سکھ یاتریوں کو واہگہ چیک پوسٹ سے واہگہ ریلوے اسٹیشن لے جانے کیلئے بس شٹل سروس کا باضابطہ افتتاح بھی کیا گیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بلال اکبر نے بتایا کہ اس بار سکھ یاتریوں کو بسوں کے ساتھ ساتھ ٹرین کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ واہگہ ریلوے سٹیشن سے سکھ یاتری حسن ابدال کیلئے روانہ ہو گئے ۔
بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گورودوارہ پنجہ صاحب میں منعقد ہو گی، 15 اپریل کو یاتری حسن ابدال سے ننکانہ صاحب پہنچیں گے اور 18 اپریل کو گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال جائیں گے۔۔
سکھ یاتری 22 اپریل کو اپنی 10 روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔