کراچی میں ایک اور مبینہ پولیس گردی کا واقعہ سامنے آگیا۔ شہری ندیم عباس نے الزام لگایا ہے کہ اسے مبینہ طور پر پولیس اہلکار وسیم نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ زخمی شہری ندیم عباس نے اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
تشدد کا نشانہ بننے والے شہری ندیم عباس کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ اسے مارا پیٹا گیا، جس سے جبڑا ٹوٹ گیا، جسم پر کئی فریکچر آئے۔
ندیم عباس نے کہا کہ وسیم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس پر تشدد کیا تھا، واقعہ عیدے کے دوسرے روز لی مارکیٹ میں پیش آیا تھا۔
شہری نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ میں اپنے ملازمین کو عید تقسیم کرنے جارہا تھا، گلی سے گزرتے وقت وسیم کی طرف دیکھا تو اس نے روک لیا، مبینہ اہلکار وسیم نے کہا کہ مجھے کیا گھور رہے ہو، اس کے بعد تلخ کلامی کی اور ساتھیوں سمیت حملہ کیا۔
زخمی شہری نے کہا کہ وسیم خود کو کبھی ڈی ایس پی تو کبھی اعلی افسر ظاہر کرتا رہا، جب میں زمین پر گرا تو وسیم نے پیروں کے قریب گولیاں ماریں، اپنے ساتھیوں سے کہا کہ سارے خول اکھٹے کرلو۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ندیم عباس کو شدید زخمی حالت میں سول ٹراما منتقل کیا گیا، مبینہ اہلکار وسیم ٹراما سینٹر میں بھی گھس گیا اور دھمکیاں دینے لگا۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ مجھے سول اسپتال سے ضیاءالدین اسپتال منتقل کیا گیا۔