امریکا میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی تلاش کے لیے فیس بک کا سہارا لیا اور وہ ایک دن میں مل گیا.
امریکی ریاست میساچوسیٹس سے تعلق رکھنے والی ایشلے میگوائر کو اپنے شوہر کی تلاش تھی۔ وہ ایک سال پہلے بیوی اور دو بچوں کو چھوڑ گیا تھا۔ اس کا سراغ پانے کے لیے ایشلے نے فیس بک پر ایک پوسٹ لگائی اور یہ لکھا کہ وہ فیس بک کی طاقت آزمانا چاہتی ہے۔ پوسٹ وائرل ہوگئی۔
انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق چارلس وِدرز نے، جو سابق ریئلٹی شیف ہے، فیس بک پوسٹ پڑھنے کے بعد ایک پرانے نمبر پر بیوی سے رابطہ کیا۔ شوہر سے رابطہ ہوجانے پر ایشلے میگوائر نے فیس بک والی پوسٹ ہٹادی۔
ایشلے نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں چارلس وِدرز کو اس لیے تلاش کر رہی ہوں کہ چند کاغذات پر اُس کے دستخط درکار ہیں۔ اور یہ کہ دستخط لینے کے بعد میں اُس سے اپنے معاملات نمٹادینا چاہتی ہوں۔
ایشلے کا کہنا ہے کہ جس شخص سے رابطہ نہ ہو پارہا ہو اُس سے طلاق لینا بہت دشوار گزار مرحلہ ہوتا ہے۔ چارلس اپنے دونوں بچوں سے بھی رابطے میں نہیں تھا۔ ایک بچے کو تو اُس نے دیکھا بھی نہیں تھا۔
کسی نے فیس بک پوسٹ X پر بھی شیئر کردی۔ چوبیس گھنٹوں کے اندر متعدد خواتین نے رابطہ کرکے بتایا کہ وہ چارلس نام کے آدمی کو جانتی ہیں۔
جب چارلس کا پتا چل گیا تب ایشلے نے اُسے تلاش کرنے میں معاونت پر سوشل میڈیا کے ذریعے تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ ایشلے نے لکھا کہ اُس کا چارلس کو کسی طرح کا کوئی نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں۔ ایشلے اپنے بچوں کے ساتھ خوش ہے اور نئی زندگی شروع کر رہی ہے۔