وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی شکل بدل جائیگی، تاریخ میں اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی، آئی ایم ایف کا جو پیکیج مل رہا ہے شاید آئندہ اس کی ضرورت نہ پڑے، پی ٹی آئی کا لیڈر نوسرباز ہے۔
سیاکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سعودی عرب کی مہمان نوازی کے شکر گزار ہیں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قرض نہیں سرمایہ کاری چاہیے، جس کا فوری نتیجہ مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ یو اے ای اور قطر سے بھی وزیراعظم کی بات ہوگئی ہے ، معیشت قرضوں پر نہیں بلکہ سرمایہ کاری پر چلے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لیڈر نوسرباز ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ پاکستانی فارن انویسٹمنٹ بھیجنا بند کردیں لیکن اس کے باوجود فارن ریمیٹنس آئے۔
فلسطین کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فلسطین کو نہیں بھولنا چاہیے، امریکا سمیت برطانیہ اور یورپی ممالک کا ضمیر سویا ہوا ہے، اس کے علاوہ ہمیں بھی اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے، ایک طرف فلسطین میں ظلم کی انتہا ہو گئی ہے، دوسری طرف مسلم امہ کی خاموشی ہے۔