Aaj Logo

شائع 09 اپريل 2024 08:12pm

’ہمیں تو نظر آگیا، آپ کو کیوں نہیں دکھا؟‘ صحافیوں کے سوال پر رویت ہلال کمیٹی کراچی کے سربراہ برہم

پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کی کوششیں جاری ہیں اور رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس اسلام آباد میں ہورہا ہے، تاہم زونل کمیٹیوں میں چاند کے حوالے سے اختلاف پایا جارہا ہے۔

لاہور اور گوادر کی زونل کمیٹیوں نے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ انہیں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

اس دوران کراچی میں رویت ہلال کی زونل کمیٹی نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کی، اور اس زونل کمیٹی کے سربراہ چاند کے حوالے سے صحافیوں کے کئے گئے سوال پر برہم ہوگئے۔

حافظ محمد احمد سلفی نے اعلان کیا کہ ابھی تک ہمیں چاند نظر نہیں آیا، ہم چاند دیکھنے کوشش کر رہے ہیں۔

اس دوران صحافیوں کی جانب سے کہا گیا کہ محکمہ موسمیات کے ٹیلی اسکوپ پر تو چاند دکھ گیا صحافیوں کو بھی نظر آرہا ہے۔

جس پر حافظ محمد احمد سلفی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس اسپاٹ پر وہ دیکھ رہے ہیں ہم بھی اسی اسپاٹ پر دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں نظر آیا ہمیں کیوں نظر نہیں آیا؟

صحافیوں نے کہا کہ ہم نے ٹیلی اسکوپ پر دیکھا ہے، جس پر انہوں نے کہا کہ آپ نے دیکھا ہے تو آپ کمیٹی کو آگاہ کریں، ہم نے بھی ٹیلی اسکوپ سے دیکھا ہے، ہمیں نظر نہیں آیا۔

Read Comments