ویسٹ انڈیز کے خلاف 16 رکنی قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ویمنز اسکواڈ کا اعلان ہو گیا، اسکواڈ میں پانچ کرکٹرز کی واپسی ڈومیسٹک پرفارمنس کی بنیاد پر ہوئی۔ ندا ڈار ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے خواتین اسکواڈ کی دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض اور بسمہ معروف شامل ہیں، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، نجیہہ علوی، سدرہ امین اور نشرہ سندھو شکواڈ کا حصہ ہیں، نتالیہ پرویز، صدف شمس، :رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے کپتان ندا ڈار اور عبوری ہیڈ کوچ کی مشاورت سے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سکواڈ میں شامل پانچ کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی اور کیمپ میں اچھی مہارت کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے واپس آئی ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں تین ون ڈے 18 سے 23 اپریل تک کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 26 اپریل سے 3 مئی تک کھیلی جائے گی۔