Aaj Logo

شائع 09 اپريل 2024 04:46pm

خودکشی کی مبینہ کوشش، مسجد الحرام میں ایک شخص بالائی منزل سے کود گیا

مکہ مکرمہ میں ایک شخص نے مسجد الحرام کی بالائی منزل سے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش میں چھلانگ لگا دی۔

عرب خبر رساں ادارے ”خلیج ٹائمز“ کے مطابق مکہ مکرمہ کی سیکیورٹی اتھارٹی نے منگل کی صبح بتایا کہ مکہ مکرمہ میں ایک شخص نے مسجد الحرام کی بالائی منزل سے چھلانگ لگا دی ہے۔

اس شخص کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے ضروری طبی امداد دی گئی۔

مسجدالحرام کی حفاظت پر معمور خصوصی فورس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس شخص کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی۔

اتھارٹی ”ایکس“ پر واقعے کی مزید تفصیلات ظاہر کیے بغیر کہا کہ ’ضروری پروٹوکول مکمل کر لیا گیا‘۔

خیال رہے کہ2017 میں بھی ایک سعودی شخص نے خانہ کعبہ کے سامنے خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تھی لیکن سیکورٹی فورسز نے اسے روک دیا تھا۔

جبکہ 2018 میں مسجدالحرام میں خودکشی سے متعلق تین الگ الگ واقعات پیش آئے۔ جون کے شروع میں ایک فرانسیسی نے مسجد کی چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔ اس کے تقریباً ایک ہفتے بعد ایک بنگلہ دیشی شخص نے اسی انداز میں خودکشی کی۔

اسی سال اگست میں ایک عرب شخص نے جامع مسجد سے چھلانگ لگا کر اپنی جان لے لی۔

Read Comments