کوئٹہ میں بلوچستان شہدا فورم کی جانب سے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 14 شہدا کی فیملیز میں چیک تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں شہدا فورم کے پیٹرن ان چیف اور رکن قومی اسمبلی نواب زادہ جمال رئیسانی، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند اور لواحقین کی فیملیز نے شرکت کی۔
رکن قومی اسمبلی نوابزدہ جمال رئیسانی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہماری تنظیم شہدا کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، ہمیں ملک کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔
جمال رئیسانی نے کہا کہ شہدا کی یہ قربانیاں ہمارے سروں کا تاج ہیں، ہمیں شہدا کے لواحقین کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، شہدا کے لواحقین کئی مشکل حالات سے دوچار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے لواحقین کی امداد کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے،لواحقین کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہوں گے، کوشش کریں گے کہ حکومت بلوچستان اور دیگر تنظیمیں شہدا کی لواحقین کے لیے مزید کام کریں۔
جمال رئیسانی نے کہا کہ قرض حسنہ سمیت دیگر اقدامات کے لیے ہماری امداد کی جائے۔