Aaj Logo

شائع 08 اپريل 2024 06:40pm

کراچی: بیٹی کی ولدیت سے انکار کرنے والے شخص کو 80 کوڑوں کی سزا

ایک شخص کو اپنی بیٹی کی ولدیت سے انکار اور بیوی کے کردار پر جھوٹا الزام لگانا مہنگا پڑگیا، کراچی کی مقامی عدالت نے الزامات ثابت نہ ہونے پرملزم فرید کو 80 کوڑے مارنے کی سزا سنادی۔

ملزم سے خاتون کی شادی 2015 میں ہوئی تھی، متاثرہ خاتون ایک ماہ ملزم کے گھر رہنے کے بعد اپنے گھر واپس چلی گئیں۔

متاثرہ خاتون کے والدین کے گھر پر ان کی بیٹی کی پیدائش ہوئی، نان و نفقہ کی عدم ادائیگی پر مدعی نے عدالت سے رجوع کیا۔

دوران مقدمہ ملزم کی جانب سے دو درخواستیں دائر کی گئیں، ملزم نے بیٹی کی ولدیت سے انکار کرتے ہوئے ڈی این اے کروانے کی استدعا کی تھی، تاہم، کچھ عرصے بعد ملزم درخواستوں سے دستبردار ہوگیا تھا۔

مدعیہ نے حدود آرڈیننس کے تحت ملزم کے خلاف سیشن عدالت میں استغاثہ دائر کیا، ملزم نے سابق بیوی پر بدکاری کے الزامات سے بھی انکار نہیں کیا۔

عدالت نے ملزم کو قذف آرڈیننس 1979 کے تحت سزا سنائی اور کہا کہ سزا کے خلاف ملزم کی اپیل کا فیصلہ ہونے تک سزا پر عملدرآمد روک دیا جائے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سزا کی تصدیق کے بعد ملزم کی شہادت کسی عدالت میں قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

عدالت نے ملزم کو مقرر کردہ وقت اور جگہ پر سزا کے لیے حاضر ہونے کا حکم بھی دیا۔

Read Comments