پاکستان سپر لیگ میں صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے بیٹسمین عثمان خان قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے، اسکواڈ کا اعلان کل ہوگا
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر ملکی کوچیز کا فیصلہ 15اپریل کے بعد ہوگا۔
قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ نیوزی لینڈکےخلاف ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کل ہوگا، عثمان خان قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ عثمان خان نے حال ہی میں یو اے ای کی ٹیم کو چھوڑ کر پاکستان کی نمائندگی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد ایمرٹس کرکٹ بورڈ نے عثمان خان پر معاہدے کی خلاف ورزی پر پانچ سال کی پابندی عائد کی۔
یاد رہے کہ محسن نقوی کے اعلان سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے مشاورت مکمل کرلی، عثمان خان، عماد وسیم، محمد عامر، بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، شاداب خان، افتخار احمد، اعظم خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ابرار احمد اور اسامہ میر میں سے کسی ایک کی جگہ بننے کا امکان ہے، جب کہ حارث رؤف انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے۔