مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر وفاق کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے، مرضی کی ٹیم ساتھ رکھنا وزیر اعلیٰ کا حق ہوتا ہے۔
چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کو مرضی کے چیف سیکرٹریز دئیے گئے ہیں تو خیبرپختونخوا کو کیوں نہیں دیا جارہا؟
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے موجودہ چیف سیکرٹری اچھے اور قابل بیوروکریٹ ہیں، ہمیں کوئی ذاتی اختلاف نہیں لیکن خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے، افسران بھی اپنی مرضی کے لگانا چاہتے ہیں۔
ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت ہم نے ان افسران کے ذریعے ہی چلانی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بھی چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر بات کی تھی لیکن پھر بھی معاملہ کو متنازع بناکر سیاسی طور اچھالا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری کی تعیناتی میں تاخیر کرکے وفاق ہمیں تنگ کر رہا ہے، وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق سے باہر کا نہیں بلکہ اپنے ہی ملک کا بیوروکریٹ مانگ رہے ہیں۔