تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے مسجد نبوی میں نمازعشاء اور نوافل ادا کیے۔ وزیراعظم نے روضۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی۔
انہوں نے امت مسلمہ اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعا کی۔
قبل ازیں مدینہ منورہ کے گورنر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف ہفتہ کی رات مدینہ منورہ میں ہی قیام کیا۔
وزیراعظم سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات بھی متوقع ہے، ملاقات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔
اس دورے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف اور دیگر وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
شہباز شریف کمرشل پرواز کے زریعے سعودی عرب پہنچنے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق طیارے میں لوگوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران مسجد نبویﷺ پر حاضری دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مسجد نبویﷺ آمد ہوئی، مریم نواز نے روضہء رسولﷺ پر حاضری دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے امت مسلمہ اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی، مریم نواز نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعا کی۔