سعودی عرب میں حال ہی میں ہونے والے بارشیں جہاں ہریالی کا باعث بن رہی ہیں وہیں اب کیڑے مکوڑے اور مختلف قسم کی مکھیوں نے کئی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
سعودی عرب میں ان دنوں رمضان المبارک کے پیش نظر عمرہ زائرین کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ 20 لاکھ سے زائد مسلمان عمرے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر سعودی عرب کے شہر ریاض سمیت دیگر شہروں میں بارش کے بعد نکلنے والے کیڑے مکوڑوں کی ویڈیو نے توجہ حاصل کر لی ہے۔
جہاں 100 200 نہیں بلکہ لاکھوں کیڑے مکوڑوں نے ڈیرا ڈال لیا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹریٹ لائٹ پر کیڑے مکوڑوں کی تعداد کس حد تک ہے۔
جبکہ سڑکوں پر موجود کیڑے مکوڑے اتنی زیادہ تعداد میں موجود ہیں، کہ ان کی موجودگی کے باعث سڑک بھی چھپ گئی ہے۔
کیڑے مکوڑوں کی موجودگی سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بلکہ روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
کئی صارفین کو یہ منظر جہاں خوف میں مبتلا کر رہا ہے وہیں کچھ صارفین اس جانب متوجہ بھی ہو رہے ہیں۔