Aaj Logo

شائع 05 اپريل 2024 01:25pm

پنجاب میں رواں ماہ ہیٹ ویو کی وارننگ جاری

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے رواں ماہ پنجاب میں گرمی کی شدت میں غیر یقینی اضافے کی پیشگوئی کر دی جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوز کے امکانات بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اپریل کے مہینے میں گرمی کی شدت میں غیر یقینی اضافہ ہوگا، درجہ حرارت گزشتہ تیس سال کی اوسط سے کچھ زیادہ رہے گا، پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوز کے امکانات ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بڑے شہروں میں ہیٹ ویوز کے اثرات بہت زیادہ ہوں گے، جس کے سبب رواں ماہ گرمی کی شدت میں غیر یقینی اضافےکا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جبہک محکمہ آبپاشی کو موسم کی صورت حال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اپریل میں تیز ہوائیں، گرد آلود طوفان، بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے، شمالی پنجاب میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانا ت بھی زیادہ ہوجائیں گے، پنجاب بھر میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے موسمی اتار چڑھاﺅ پر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ اداروں کے درمیان مضبوط کمیونیکیشن کو ہر صورت ممکن بنایا جائے، موسمی تغیرات کو مد نظر رکھ کر تمام متعلقہ ادارے تیاری کریں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر لینے کا وقت ہے، ریسکیو ادارے، ضلعی انتظامیہ ، ابھی سے کمر کس لیں، شہریوں کو بھی موسمی تغیرات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہی دی جائے۔

Read Comments