Aaj Logo

شائع 05 اپريل 2024 12:24pm

اسکولوں میں درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسکولوں میں درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں ہے۔ سرکاری اسکولز میں اسپیشل بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اسکول ایجوکیشن ریفامز کا جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں اسکول ایجوکیشن کے تمام معاملات سنٹرل باڈی کے ذریعے چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ 41 فیصد درسی کتب کی فراہمی مکمل ہے۔ مئی تک تمام اسکولوں میں کتابیں مہیا کر دی جائیں گی۔ آئندہ تعلیمی سال فروری میں درسی کتب فراہم کر دی جائیں گی۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر قابل قبول نہیں، ہر ضلع کے ایک اسکول میں اسپیشل بچوں کیلئے تعلیم و تدریس کی سہولت مہیا کی جائے۔ سرکاری اسکولوں میں کریکٹر بلڈنگ کلاسز کا بھی آغاز کیا جائے۔

اجلاس میں پنجاب میں اسکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا ”اسکول اولمپکس“ کروانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہر ضلع میں سی ای اوز ایجوکیشن کی تعیناتی کیلئے نیا میکانزم بنانے کی ہدایت بھی کی۔ ڈویژنل لیول پر ٹرانسجنڈرز کیلئے اسکول قائم کرنے کا حکم بھی دیا۔

Read Comments