Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2024 10:21pm

عدالتی اصلاحات کے لیے ترامیم کو تیار ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے نانا، سابق وزیر اعظم اور بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو کیس میں تاریخی جرم ہوا، جس کا اعتراف ہو رہا ہے۔

عدالتوں کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم عدالتی اصلاحات کے لیے ترامیم کو تیار ہیں، بھٹو کیس میں تاریخی جرم ہوا، جس کا اعتراف ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات کی طرف آگے بڑھنا پڑے گا، صوبائی سطح پر کسان کارڈ متعارت کرائیں گے۔ حکومت کو وقت دیا گیا تو پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو ریفرنس کا مختصر حکم نامہ جاری ہوچکا ہے، ہم تفصیلی حکم نامے کے منتظر ہیں، جس کے بعد گڑھی خدا بخش میں تاریخی جلسہ رکھیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد پہلی بار گڑھی خدا بخش آیا ہوں، ہم سندھ کے دیگرشہروں میں بھی جلسے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ساتھ دینے پر سب کا شکر گزار ہوں، آپ کی جدوجہد کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو تاریخی کامیابی ملی، آپ کی جدوجہد سے ہی ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ملک کومعاشی بحران سے نکالنے کیلئے اقدامات کریں گے، ہم اپنی عوام کی آواز بنیں گے اور مسائل حل کروائیں گے، ہمیں اپنے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کو جاری رکھنا ہے، ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے انہیں نبھانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے اپنے عوام کیلئے خود منصوبے پیش کریں گے، وزیراعلی مراد علی شاہ کو سندھ بھر کے دورے کا کہا ہے، ہم نے الیکشن میں عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا تھا، سندھ کی حد تک معاہدے پر عملدرآمد کریں گے، کوشش ہوگی کہ سندھ اور بلوچستان میں معاہدے پرعمل ہو۔

بلاول نے کہا کہ ہم کسان کارڈ کو بھی صوبائی سطح پر متعارف کروائیں گے، چھوٹے کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، ہم نے بےنظیر مزدور کارڈ پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہمیں جوڈیشل ریفارمز کی طرف بڑھنا ہوگا، ہم پاکستان کے عوام کو انصاف دلوانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ ہر کسی کو تیز رفتاری سے انصاف ملے۔

قبل ازیں بلاول بھٹو اپنے نانا، سابق وزیر اعظم اور بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے اپنے نانا اور والدہ سمیت دیگر شہدا کے مزارات پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی نے بھی بلاول بھٹو کے ساتھ حاضری دی۔

Read Comments