Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2024 06:49pm

حافظ نعیم الرحمان امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب

حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی پاکستان کا نیا امیر منتخب کر لیا گیا ہے۔

امیر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی کے صدر انتخابی کمیشن نے رہنمائی کے لیے 3 ناموں کا اعلان کیا تھا، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمٰن شامل تھے۔

نئے امیر جماعت اسلامی کی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی، امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوی تقاضا ہے۔

ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا جن میں 6 ہزار خواتین بھی شامل تھیں۔ صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم نے نتائج کا اعلان کیا۔

جماعت اسلامی کے نئے امیر کےلئے 82 فیصد ووٹنگ ہوئی۔

موجودہ امیر سراج الحق اپنی دوسری مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے چھٹے امیر ہیں۔

جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی کے بانی امیر مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی تھے، اس کے بعد میاں طفیل محمد ، قاضی حسین احمد، سید منور حسن اور سراج الحق جماعت کے امیر رہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا سوانحی خاکہ

حافظ نعیم الرحمان اس سے قبل جماعت اسلامی کراچی کے امیر تھے۔ وہ کراچی میں فعال رہے ہیں تاہم اب وہ منصورہ لاہور کو اپنا مرکز بنائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے این ای ڈی یونیورسٹی سے بی ای سول انجینئرنگ اور کراچی یونیورسٹی سے اسلامک ہسٹری میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

نعیم الرحمان زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعت طلبہ سے وابستہ رہے اور دو سال ناظم اعلیٰ بھی رہے۔

عملی سیاست کا آغاز انہوں نے جماعت اسلامی سے کیا اور 2013 میں وہ پہلی بار امیر جماعت اسلامی کراچی منتخب ہوئے تھے۔

Read Comments