Aaj Logo

شائع 03 اپريل 2024 06:40pm

بنگلہ دیش میں ’انڈیا آؤٹ‘ مہم کی کامیابی پر وزیراعظم حسینہ واجد چیخ اٹھیں

بھارت کی بنگلادیش میں مسلسل دخل اندازی کے بعد ”انڈیا آؤٹ“ کی تحریک نے مزید زور پکڑ لیا ہے۔ بنگلہ دیش میں ”انڈیا آؤٹ“ مہم کی کامیابی پر وزیراعظم حسینہ واجد ایوان میں بھڑک اُٹھیں۔

وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے ملک میں حزب اختلاف کے رہنما روح الکبیر رضوی کی جانب سے انڈین مصنوعات کے بائیکاٹ کے مطالبے کے جواب میں کہا کہ جب حزب اختلاف کی جماعت ’’بی این پی “ اقتدار میں تھی تو اُن کی حکومت کے وزراء اور اُن کی بیویاں انڈیا کے دوروں کے دوران ساڑھیاں خریدتے تھے اور انہیں بنگلہ دیش میں فروخت کرتے تھے۔

وزیر اعظم شیخ حسینہ نے حزب اختلاف کے رہنما پر شدید تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اُن کی بیویوں کے پاس کتنی انڈین ساڑھیاں ہیں؟ وہ اپنی بیویوں سے یہ انڈین ساڑھیاں لے کر انہیں جلا کیوں نہیں دیتے؟

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ نے یہ ریمارکس حزب اختلاف کے رہنما روح الکبیر رضوی کو انڈین مصنوعات کے خلاف علامتی احتجاج کے طور پر اپنی کشمیری شال سڑک پر پھینکنے کے بعد دیئے۔

بنگلہ دیش میں “ انڈیا آؤٹ“ مہم کا آغاز کیسے ہوا ؟

بنگلہ دیش میں یہ مہم انفلوئنسرز، سماجی کارکنوں اور اثرورسوخ رکھنے والی شخصیات کی طرف سے شروع کی گئی ہے جسے عوام اور حزب اختلاف کے سیاستدانوں کے ایک حصے کی حمایت حاصل ہے۔

اس مہم نے اپوزیشن جماعت ”بی این پی“ کی طرف سے بائیکاٹ کیے جانے والے انتخابات میں عوامی لیگ کی حالیہ کامیابی کے بعد زور پکڑا ہے۔

واضح رہے کہ مالدیپ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ہندوستانی فوج کو مالدیپ سے نکل جانے کا حکم دیا تھا ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا تھا کہ مالدیپ کی سرزمین پر کسی غیر ملکی فوج کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہندوستانی فوجیوں کی موجودگی مالدیپ کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

Read Comments