چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو کھیل پر فوکس رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ہونی چاہیئے، سب کو ایک ٹیم ہوکر کھیلنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز بابراعظم کے دوبارہ کپتان مقرر ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی گروپ بندی کی باتیں زبان زد عام ہیں، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو گروپ بندی سے باز رہنے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ہونی چاہیئے، سب کو ایک ٹیم ہوکر کھیلنا ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر اور عماد وسیم سمیت سب کو واضع کردیا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اگر گروپ بندی حقیقت میں سامنے آئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ذرائع کا دعوی ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کو بھی گروپ بندی سے روکنے کے لیے کھلاڑیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی گئی۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی اسکلز بڑھانے کے لیے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کر رہے ہیں، 2 غیرملکی کوچز سے معاملات طے پاگئے ہیں، اگلے دوچار روز میں باقاعدہ اعلان کردیا جائےگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی ٹیم سے منسلک تمام فیصلے میرٹ پر ہوں گے، کسی کی ڈکٹیشن نہیں لی جائےگی، آپ سب پاکستان کے کھلاڑی ہیں، ہمارا فخر ہیں، کیمپ میں بھرپور محنت کے ساتھ ٹریننگ کریں، ہر کھلاڑی اپنی انفرادی فٹنس پر کام کرے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ محسن نقوی نےکہا کہ بابراعظم کو کپتان مقرر کرنےکا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کی ایڈوائس پرکیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام کھلاڑیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے، گراؤنڈ میں پرفارمنس دینا آپ کا کام ہے، گارنٹی دیتا ہوں جو پرفارمنس دے گا ٹیم میں ضرور کھیلے گا، کسی کی بھی سفارش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب کوچنگ اسٹاف کی تقرری جلد متوقع ہے، اشتہار کے مطابق درخواستیں موصول کرنے کی ڈیڈ لائن 15 اپریل ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کا آغاز 18 اپریل سے شیڈول ہے۔
امکان ہے کہ گیری کرسٹن، جیسن گلیسپی اور لوکل کوچز کی تعیناتی جلد کردی جائے گی۔