معروف فلاحی ادارے الخدمت کراچی نے مائیکرو فائنانس پروگرام کے تحت پریشان حال اور نادار افراد کے لیے بلا سود قرضوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات الخدمت کراچی کے سی ای او نوید علی بیگ نے بتائی۔
’مواخات‘ کے زیرِعنوان شروع کیے گئے پروگرام کے تحت معاشی مشکلات سے دوچار افراد یا گھرانوں کو بلا سود قرضے دینے کا بنیادی مقصد انہیں چھوتے پیمانے کا کاروبار شروع کرنے میں مدد دینا ہے۔
نوید علی بیگ نے بتایا کہ مختصرالمیعاد قرضہ 30 ہزار سے 75 ہزار روپے کے درمیان ہوگا۔ ان قرضوں کو چھوٹی اقساط میں وصول کیا جائے گا۔ اب تک ریکوری اطمینان بخش رہی ہے۔
’مواخات‘ کے ڈائریکٹر یوسف محی الدین نے بتایا کہ پیر الٰہی بخش کالونی میں قائم دی اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر بھی اِسی پروگرام کے تحت چلایا جارہا ہے۔ یہ سینٹر نیم خواندہ نوجوانوں کو تکنیکی تربیت مفت فراہم کرتا ہے۔ نوجوان سلائی، بجلی کا کام، موبائل فون کی مرمت اور دیگر ہنر سیکھ سکتے ہیں۔ حال ہی میں انڈسٹریل آٹومیشن اور سولر پی وی ٹیکینیشن کے کورس بھی اس سینٹر کے نصاب میں شامل کیے گئے ہیں۔ ایسے ہی مراکز شہر کے دیگر علاقوں میں بھی قائم کیے جارہے ہیں۔