ہالینڈ کے ایک قصبے میں ایک مسلح شخص نے کلب کے اندر موجود متعدد افراد کو یرغمال بنالیا۔ اس شخص نے خود کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھی دی ہے۔ اس دوران پولیس نے 150 سے زائد مکانات کو خالی کرالیا۔
برطانوی خبر ایجنسی نے مقامی اخبار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایڈی نامی قصبے میں جس شخص نے کئی افراد کو یرغمال بنایا ہوا ہے اُس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ہتھیاروں کے علاوہ اس کے پاس دھماکا خیز مواد بھی ہے۔
جس کلب میں لوگوں کو یرغمال بنایا گیا ہے اُس کے گرد پولیس کے خصوصی دستے تعینات کردیے گئے ہیں۔ پولیس نے لوگوں کو دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ابھی تک اس پورے معاملے کا دہشت گردی سے تعلق ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
پولیس نے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے والا یونٹ اور ایک ریموٹ کنٹرولڈ روبوٹ بھی متعلقہ کلب کے نزدیک پہنچادیا ہے۔