Aaj Logo

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2024 11:35pm

پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں انتخابی ٹکٹ پر عمران خان کو لاعلم رکھنے کا انکشاف

پاکستان تحریک انصاف کے کور کمیٹی اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ الیکشن ٹکٹ کے معاملے پر عمران خان کو لاعلم رکھا جا رہا ہے۔ مشال یوسف زئی کی نشاندہی پر افضل ڈھانڈلہ کو دیا گیا پنجاب اسمبلی کے الیکشن کا ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔ پی ٹی آئی میں سینیٹ کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم کو پر اختلافات کی بھی اطلاعات ہیں۔

کور کمیٹی اجلاس میں افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ جاری کرنے پر سوال اٹھایا گیا، جس پر بیرسٹر گوہر اور سینیئر عہدیداروں نے کہا کہ افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ بانی پی ٹی آئی نے جاری کیا۔

تاہم مشال یوسف زئی اور دیگر کا دعوی تھا کہ ٹکٹ کے معاملے پر عمران خان نے ہدایات نہیں دی تھیں ۔ ان کے احتجاج کے باعث ڈھانڈلہ سے ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔

عمران خان سے مشاورت نہ کیے جانے کی بات شہباز گل نے اپنی ایک ٹویٹ میں بھی کی۔ اس ٹویٹ کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان سے مشاورت کی گئی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے افضل ڈھانڈلہ سے ٹکٹ واپس لیے جانے کی تصدیق بھی کی۔

اس سے پہلے حماد اظہر ایک ٹویٹ کے ذریعے ٹکٹ واپس لینے کا اعلان کر چکے تھے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم میں بھیمشاورت نہ کرنے کا الزام لگا دیا۔

اراکین نے کہا کہ بتایا جائے کس نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ ٹکٹ فائنل کیے۔ کیوں ٹکٹوں کی تقسیم غلط کی گئی؟ کورکمیٹی میں سوال کیا گیا کہ جو نام بانی پی ٹی آئی کو دیے ان پر مشاورت کیوں نہیں ہوئی؟

ذرائع کے مطابق اراکین کے الزام پر پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرعلی نے وضاحتیں بھی پیش کیں کہا کہ سینیٹ ٹکٹ بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے جاری ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں درخواستیں فکس نہ ہونے پر لطیف کھوسہ سے وضاحت مانگی گئی۔

Read Comments