جنوبی افریقا میں ایک بس نالے میں گرنے سے 45 مسیحی زائرین ہلاک ہوگئے۔ ایک آٹھ سالہ بچی زندہ ملی ہے تاہم اُس کی حالت بھی تشویشناک ہے۔
50 میٹر بلند پُل کی ریلنگ توڑ کر نالے میں گرتے ہی بس میں آگ لگ گئی۔بدنصیب مسافر بوٹسوانا کے دارالحکومت گوبورن سے جنوبی افریقا کے شمالی شہر موریا جارہے تھے جہاں انہیں سینٹ اینجینس زاینسٹ کرسچین چرچ میں ایسٹر کی دعائیہ تقریبات میں شریک ہونا تھا۔
یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا جب ایک ٹریلر کو ’ٹو“ کرنے کے دوران بس ڈرائیور کے کنٹرول میں نہ رہی۔ بعض لاشیں انتہائی مسخ ہونے کے باعث ناقابلِ شناخت ہوچکی ہیں۔ موریا نامی شہر جوہانسبرگ کے شمال مشرق میں 300 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
بس جس مقام پر نالے میں گری وہ پہاڑوں سے گِھرا ہوا ہے۔ نالے میں بھی پہاڑیاں جن سے ٹکرانے کے باعث بس کے پرخچے اُڑ گئے۔