Aaj Logo

شائع 28 مارچ 2024 07:42pm

سگریٹ کو مزید مہنگا کرکے نوجوانوں کو تمباکو نوشی کی اس لت سے دور رکھا جاسکتا ہے، ملک عمران احمد

سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (اسپارک) نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سگریٹ پر ٹیکس بڑھا کر نظام صحت پر اٹھنے والے اخراجات میں نمایاں کمی لاسکتی ہے۔

اسپارک کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی متعدد بیماریوں کا باعث بنتی ہے جن میں پھیپھڑوں کا کینسر، دل ، فالج، سانس کی بیماریاں اور دیگر مختلف کینسر شامل ہیں، تمباکو نوشی سے جڑی بیماریوں کی خاطر نظام صحت پر آنے والے اخراجات سے ملک کی جی ڈی پی کا 1.6 فیصد سالانہ نقصان ہوتا ہے۔

کنٹری ہیڈ کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز(سی ٹی ایف کے) ملک عمران احمد نے کہا کہ تمباکو نوشی سے جڑی بیماریوں کے علاج پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی، نوجوانوں، نظام صحت اور معیشت کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کے پاس موثر حکمت عملی سگریٹ پر ٹیکس میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے آمدہ بجٹ میں سگریٹ پرفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) 26 فیصد سے زائد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تمباکو نوشی سے پیدا ہونے والی بیماریوں پر نظام صحت کیلئے 19.8 فیصد اخراجات کی وصولی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو وفاقی بجٹ 2024-25 میں فوری طور پر سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کی ضرورت ہے، ٹیکس میں اضافے سے 17 ارب ریونیو حاصل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ معلوماتی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ قیمتوں سے قوت خرید متاثر ہوتی ہے اور یہی فارمولا ہمیں تمباکو کے استعمال میں کمی کیلئے بھی اپنانا ہوگا۔

عمران احمد نے کہا کہ سگریٹ کو مزید مہنگا کرنے سے نوجوانوں کو سگریٹ نوشی سے دور رکھا جاسکتا ہے جبکہ تمباکو پرٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو صحت عامہ کے شعبے پر خرچ کیا جاسکتا ہے۔

اسپارک کے پروگرام مینیجر ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگر نے کہا کہ نوجوان طبقہ بڑوں کی نسبت قیمتوں کے حوالے سے زیادہ محتاط ہوتا ہے اس لیے سگریٹ کی قیمتوں میں اضافہ کر کے تمباکو نوشی سے انہیں دورکیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ تمباکو پر ٹیکس بڑھانا تمباکو نوشی کی شرح کو کم کرنے کے سب سے مؤثر طریقوں میں سے ایک ہے۔ تمباکو نوشی کی کم شرح کے نتیجے میں معاشرہ صحت مندہوتا ہے۔

ڈاکٹر خلیل نے اس بات پر زور دیا کہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے نوجوانوں میں تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی بہت ضروری ہے، اور سگریٹ پر ٹیکسوں میں اضافہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ایک ثابت شدہ حکمت عملی ہے۔

Read Comments