چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے پریس کانفرنس میں کپتان کے تقرر پر تبصرے کے بعد نئے کپتان سے متعلق افواہوں میں اضافہ ہو گیا، قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے سابق کپتان بابراعظم کا نام ایک بار پھر گردش کرنے لگا۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے، اس حوالے سے پی سی بی کے بااختیار حکام نے بابراعظم سے رابطہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کاکول کیمپ روانگی سے پہلے بابراعظم کی بورڈ حکام سے ملاقات کا امکان ہے، بابر اعظم دوبارہ کپتانی کی پیشکش اپنی شرائط پر قبول کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی کی پریس کانفرنس میں نئے کپتان بنانے کے بعد افواہیں ہیں کہ کاکول کیمپ کے بعد شاہین آفریدی کو برقرار رکھنے یا نیا کپتان بنانے کا فیصلہ ہوگا۔
قریبی ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو اگر کپتانی کی پیشکش کی گئی تو وہ مختلف پہلوؤں پر بات کریں گے۔
گزشتہ برس نومبر میں سابق چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بابراعظم کو کپتانی سے ہٹایا تھا جس کے بعد شاہین آفریدی کو قومی ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کپتانی کے فیصلے کا اختیار سلیکشن کمیٹی کو سونپا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم گزشتہ رات عمرے کی ادائیگی کے بعد لاہور پہنچے تھے۔
پی سی بی نے فریکل فٹنس کیمپ کیلئے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلانکردیا