صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم کے موقع پر بچوں کیلئے ایوانِ صدرمیں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔
ایوانِ صدر میں افطار ڈنر میں ملک کے مختلف شہروں سے آئے یتیم بچوں نے شرکت کی۔ تقریب میں آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے یتیم بچوں سے ملاقات بھی کی۔
صدرِ پاکستان نے صوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی پرائمری اورسیکنڈری تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات لینے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت کے كار ِخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، پھول جیسے بچوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
تقریب سے پاکستان آرفن کیئر فورم کے چیرمین ائیر مارشل ریٹائرڈ فاروق حبیب نے بھی خطاب کیا۔
چیئرمین آرفن کیئر کا کہنا تھا کہ ملک میں 46 لاکھ کے قریب یتیم بچے ہیں، پاکستان آرفن کیئر فورم ان یتیم بچوں کی بہترین پرورش اور نگہداشت کیلئے کام کر رہا ہے، صحت مند معاشرے کمزور طبقات بالخصوص یتیم بچوں کی نشوونما اور تعلیم و تربیت کا خیال رکھتے ہیں۔ بچوں کو مدعو کرنے سے انکے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔