Aaj Logo

شائع 26 مارچ 2024 07:27pm

جھوٹی اور بے بنیاد مقدمہ بازی کو پہلی پیشی پر ختم کیا جائے گا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ ملک شہزاد کی زیرِ صدارت پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کا اجلاس ہوا جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، جھوٹی اور بے بنیاد مقدمہ بازی کو پہلی پیشی پر ختم کیا جائے گا۔

دورانِ اجلاس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں ویڈیو لنک سماعت کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد مقدمہ بازی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالتی افسران زیادہ سے زیادہ وقت عدالتوں میں گزاریں گے، چیمبر میں بیٹھے رہنے والے عدالتی افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے نصاب کو بہتر اور آسان بنایا جائے گا، اچھی کارکردگی کے حامل جوڈیشل افسران کو تعریفی اسناد دی جائیں گی، جبکہ ضلعی عدلیہ میں اسٹاف کی کرپشن روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جوڈیشل افسران کی بروقت حاضری کیلئے بائیو میٹرک سسٹم نافذ کیا جائے گا، پنجاب بار کونسل کے ساتھ مل کر ہڑتال کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی تالہ بندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، توہین عدالت اور تالہ بندی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ پرانے مقدمات کے فوری فیصلوں کیلئے اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔

Read Comments