کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نیو قطر اسپتال کے قریب فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہو گئی ہیں۔
جاں بحق خاتون کی شناخت نازیہ زوجہ غفار کے نام سے کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے۔
ڈاکو خاتون سے چھینا جھپٹی کی واردات کررہے تھے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آ کر خاتون جاں بحق ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی کے مطابق کراس فائرنگ میں واقعہ پیش نہیں آیا بلکہ پولیس جیسے ہی موقع پر پہنچی ملزمان نے فائرنگ کی۔
ملزمان کی فائرنگ سے خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی تھی، پولیس نے بعد میں ملزمان کا پیچھا کیا اور پولیس اور ملزمان کے درمیاں مقابلہ بھی ہوا۔
ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوئے جن کی تلاش جاری ہے۔ ولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ مقتولہ کے شوہر کا بیان بھی لے لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو سیلز مینوں سے بھی ملزمان ڈکیتی کر رہے تھے، پولیس موقع پر پہنچی اور مقابلہ ہوا تاہم کراس فائرنگ کے دوران خاتون کو گولی لگی اور وہ گر گئی جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
دوسری جانب واقعے کے عینی شاہد کا بیان بھی منظر عام پر آ گیا ہے۔
عینی شاہد کے مطابق ہم دوکان پر کھڑے تھےدو ملزمان آئےاورانہوں نے موبائل فون چھین لیا، اتنے میں پولیس پہنچ گئی ملزمان نے پہلے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا۔ کچھ فاصلے پرڈاکوؤں نے سیدھا فائر کیا جس سے خاتون جاں بحق ہوئی۔