پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری سکیورٹی کونسل کی قرار داد پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ہم سلامتی کونسل کی قرارداد پر تیزی سے عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرار داد منظور ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملوں میں ہزاروں خواتین اور بچے شہید ہوئے، دانستہ طور پر اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، فلسطینی ریاست کیلئے حمایت جاری رکھے گا، فلسطینی بہن بھائیوں کی ریاست کیلئے حمایت کرتے رہیں گے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ قرارداد میں رمضان کے مقدس مہینے کے لیے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ اسرائیل کے وحشیانہ حملے کو ختم کرنے، مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانے اور غزہ میں موجودہ سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے پہلے قدم کے طور پر کام کرے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، جس میں القدس الشریف مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
غزہ جنگ بندی کیلئے پہلی بار سلامتی کونسل میں قرارداد منظور، اسرائیل امریکا پر برہم