پاکستان بھر میں پولیو سے بچاؤکیلئے حفاظتی قطرے پلانے کی مہم شروع ہوگئی، ملک کے 26 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 8 اشارعیہ 8 ملین سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈیرہ بگٹی اور چمن میں پولیو کیسز رپورٹ ہونے اور متعدد اضلاع کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی نشاندہی کے بعد خصوصی انسدادِ پولیو مہم بلوچستان کے 11، سندھ کے 7 اور پنجاب کے 5 اضلاع میں ہورہی ہے۔
وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’وہ اپنے بچوں کو لازمی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں۔رمضان کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر بھیج رہے ہیں تاکہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر قوت مدافعت بڑھائی جاسکے۔
جبکہ کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہناتھا کہ اب تک 71 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس (ڈبلیو پی وی 1) کی نشاندہی ہوئی ہے، جن میں بیشتر بلوچستان اور سندھ سے ہے جبکہ بلوچستان میں وائرس نے 2 بچوں کو ساری زندگی کیلئے معذور بھی بنا دیا ہے۔