یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے بحیرہ اسود میں موجود روسی بحری بیڑے کے مزید 2 بڑے لینڈنگ شپ تباہ کردیے ہیں۔
یوکرین کے دعوے کے جواب میں روسی فوج نے بتایا ہے کہ یوکرین نے کرائمیا میں سواسٹوپول کی بندرگاہ کے نزدیک روسی بحری بیڑے پر کئی میزائل داغے تاہم انہیں نشانے پر لے کر تباہ کردیا گیا۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے روسی بحری بیڑے سے وابستہ ایک مواصلاتی مرکز کو بھی تباہ کردیا۔ تباہ کیے جانے والے جہاز ’یمال‘ اور ’آزوف‘ روپوچا کلاس کے ہیں۔
یوکرین کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ یوکرین پر لشکر کشی کے وقت بحیرہ اسود کے روسی بحری بیڑے میں 13 بڑے جہاز تھے، اب 5 رہ گئے ہیں۔ بیشتر جہاز جنگ کے ابتدائی دنوں میں تباہ کیے گئے تھے۔
دوسری طرف روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تازہ ترین حملوں میں یوکرین کے دارالحکومت کئیف اور مغربی شہر لئیف کو نشانہ بنایا ہے۔
یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ بیشتر میزائل اور ڈرون جھپٹ لیے گئے۔ پولینڈ کے حکام نے بتایا کہ ایک روسی میزائل پولینڈ کی فضائی حدود میں داخؒل ہوا جس پر جنگی طیاروں کو الرٹ کردیا گیا۔
یاد رہے کہ یوکرین کی فوج کے حملوں میں روس کے بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کے دو بڑے لینڈنگ شپ ایسے وقت تباہ کیے گئے ہیں جب روس کے طول و عرض میں ماسکو کے کنسرٹ ہال میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 133 افراد کی ہلاکت پر سوگ منایا جارہا ہے۔