وفاقی تفتیشی ادارے (ایف آئی اے) نے برطانوی ہائی کمیشن کی شکایت پر ایک شخص کو برطانوی ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی بینک اسٹیٹمنٹ جاری کرنے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
زاہد حسن کو ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی ٹیم نے چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔ یہ شخص برطانوی ویزا کے حصول کے خواہش مند افراد کو جعلی بینک اسٹیٹمنٹ فراہم کیا کرتا تھا۔
اس پر ویزا کے معاملات میں دھوکا دہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے تفتیش شروع کردی ہے۔
برطانیہ نے حال ہی میں ویزا پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے طریق کار میں چند اہم تبدیلیاں کی تھیں تاکہ خلیجی مجلسِ تعاون (جی سی سی) کے رکن ممالک اور اردن کے باشندوں کو ویزا کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
برطانوی حکومت کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ ممالک 2024 سے الیکٹرک ٹریول پرمٹ سسٹم پر منتقل کردیے جائیں گے۔