پاکستان شوبز کی خوبرو اور ٹیلنٹڈ اداکارہ سجل علی کو صدارتی تمغہ امتیاز ملنے پر بھارتی ایکٹریس کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔
ہمیشہ کی طرح اس سال بھی 23 مارچ کو ایوان صدر میں صدارتی اور سول ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی، اس تقریب میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کے علاوہ ادب، موسیقی، فنون لطیفہ سے وابستہ کئی فنکاروں نے شرکت کی ۔
جنہیں ان کے شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دینے پر صدارتی ایوارڈز دیے گئے ۔
انہی میں ایک نام سجل علی کا بھی ہے، جنہیں ایکٹنگ کے میدان میں انکی خدمات کے اعتراف میں اس تقریب تمغہ امتیا ز سے نوازا گیا، یہ ایواڈ انہیں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے دیا گیا ۔
سجل علی اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پرایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں انہوں نے تمغہ امتیاز ملنے پر خدا کا شکر ادا کیا اور اسے والدہ کی دعاؤں اور محنت کا نتیجہ قرار دیا۔
سجل کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ کی دعاؤں اور محنت کی بدولت یہ مقام حاصل کر پائی ہیں، جس کے لیے وہ ان کی مقروض ہیں ۔
سجل نے اپنی پوسٹ میں اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا ۔
سجل کی اس اعزاز کی خوشی کا اظہار جہاں پاکستان کے شوبز اسٹاز نے کیا ، وہیں بھارتی اداکاروں نے بھی مبارکباد کے پیغامات بھیج کر سجل کے لئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔
بھارتی اداکاروں نے سجل کو اس ایوارڈ کا حقیقی حقدارٹہرایا ۔ ان اداکاروں میں سونم باجوہ اور سیمی چہل شامل ہیں۔ انہوں نے خود کو سجل کی بڑی مداح کہا ہے اور ان کے کام کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ سجل کے علاوہ، عدنان صدیقی، ماہرہ خان اور بلال لاشاری کو بھی اس سال صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔