Aaj Logo

شائع 24 مارچ 2024 09:19pm

وزیراعلیٰ پنجاب کا نگہبان رمضان پیکج مبینہ کرپشن کی نذر، راشن کے سیکڑوں تھیلے برآمد

وہاڑی کے نواحی علاقہ 83 ڈبلیو بی میں ایک مکان سے 24 لاکھ سے زائد مالیت کے 600 رمضان نگہبان پیکج کے راشن بیگز برآمد ہوئے ہیں، مبینہ کرپشن میں سرکاری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تحصیلدار نے موقع پر پہنچ کر راشن بیگ قبضہ میں لے کر مکان کو سیل کر دیا۔

ایک طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت کی طرف سے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں صوبہ بھر میں غریب اور نادار افراد کو راشن بیگز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، تو دوسری جانب ضلع وہاڑی میں رمضان نگہبان پیکج میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

وہاڑی کے نواحی گاؤں 83 ڈبلیو بی کے رہائشی اصغر نامی شخص کے مکان میں رمضان نگہبان پیکج کا راشن جس میں گھی، چینی، آٹا، دالیں اور دیگر اشیاء خوردونوش بڑے پیمانے پر سٹاک کر رکھی گئی تھیں۔

مالک مکان اصغر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر آفس میلسی کے ریڈر شکیل، مصطفیٰ اور ناصر نامی افراد نے عارضی طور پر راشن اسٹاک کرنے کے لیے مکان کرایہ پر حاصل کیا تھا، جو یہاں روزانہ کی بنیاد پر راشن منتقل کرتے تھے اور راشن بیگ کھول کر دوبارہ پیکنگ کرکے لے جاتے تھے۔

اہل علاقہ کی نشاندہی پر تحصیلدار شاہد نواب نے موقع پر پہنچ کر راشن بیگ قبضہ میں لے کر مکان کو سیل کر دیا ہے۔

اس حوالہ سے تحصیلدار کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کے تعین کےلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Read Comments