پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی ہے۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہولی کے تہوار پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ رنگوں کا تہوار ہولی برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہولی جیسے تہوار صرف ایک برادری نہیں بلکہ وسیع تر معنوں میں معاشروں کے لیے اہمیت کے حامل ہیں، اس طرح کے تہوار لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مساوات، انصاف اور اجتماعیت پر یقین رکھتی ہے، ہم قائد اعظم، شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فکر سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، ہمارے قائدین کا ہر شہری کے حقوق کی بلا امتیاز حمایت کرنے کا غیر متزلزل عزم ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آئیے آج ہم ثقافتی اور مذہبی تفریق سے بالاتر ہوکر بھائی چارے اور دوستی کے جذبے کو اپنائیں، یہ تہوار سب کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کا وسیلہ ثابت ہو۔