Aaj Logo

شائع 21 مارچ 2024 02:56pm

عمران خان کی وکلاء سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ جیل سے جواب طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی وکلاء سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ جیل سے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر تحریری آرڈر جاری کر دیا۔

تحریری حکم نامے میں سپرنٹنڈنٹ جیل سے جواب طلب کیا گیا کہ عمران خان کی وکلاء سے طے شدہ ملاقات کیوں نہیں کرائی گئی؟ سپرنٹنڈنٹ جیل رپورٹ جمع کروا کر عدالت کو مطمئن کریں کہ ڈائریکشن کی پابندی کیوں نہیں کی؟

عدالت نے رپورٹ طلب کرلی جس میں پوچھا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کتنے مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں؟

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی کہ اڈیالہ جیل میں اسلام آباد کے دیگر کتنے قیدی ہیں۔

وکیل اظہر صدیق کی عمران اور بشریٰ سے ملاقات کی درخواست نمٹادی گئی

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل اظہر صدیق کی سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے جیل میں ملاقات کی درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے درخواست پر سماعت کی، دورانِ سماعت جیل حکام نے رپورٹ پیش کی۔

جیل حکام کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اظہر صدیق کی بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کروا دی گئی ہے۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے جیل حکام کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔

Read Comments