سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد چاکر لیاقت کو ہلاک اور 2 کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 20 اور 21 مارچ کی درمیانی شب ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثرانداز میں پتہ لگایا، آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد چاکر لیاقت مارا گیا جبکہ 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد لیاقت چاکر متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی سکیورٹی فورسز نے گوادر پورٹ اتھارٹی پیک کالونی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا جبکہ 2 جوان شہید ہوئے تھے۔