Aaj Logo

شائع 21 مارچ 2024 01:15pm

سائفر معاملے پر ڈونلڈ لو سچا ہے تو عمران خان پر مقدمہ جھوٹا ہے، بابراعوان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ سائفر معاملے پر ڈونلڈ لو سچا ہے تو عمران خان پر مقدمہ جھوٹا ہے، ڈونلڈ لو نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی پوری کوشش ہوگی کہ پاک ایران گیس پائپ لائن نہ بنے کیا یہ مداخلت نہیں ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ ڈونلڈ لو کے کانگریس کمیٹی میں سائفر سے متعلق بیان پر پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو نے تو عمران خان کو سائفر کیس سے بری کرنے والا بیان دیا ہے، وہ کہتا ہے کہ سائفر ہے ہی کوئی نہیں، کیس فوری واپس لینا چاہیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعوان کا کہنا تھا کہ اگر ڈونلڈ لو سچا ہے کہ سائفر ہے ہی نہیں تو پھر یہ مقدمہ جھوٹا ہے، شہباز شریف اور ان کی مینڈیٹ چور حکومت تو سیلوٹ مار گورنمنٹ ہے، یہ سب سے پہلے ڈونلڈ لو کو سیلوٹ مارتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ لو نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی پوری کوشش ہو گی کہ پاک ایران گیس پائپ لائن نہ بنے، کیا یہ مداخلت نہیں ہے؟ شرم کریں جو لوگ کہتے ہیں کہ مداخلت نہیں ہے، عمران خان کا مؤقف درست ثابت ہو گیا، یہ موقف ڈونلڈ لو نے خود ثابت کیا ہے۔

Read Comments