Aaj Logo

شائع 21 مارچ 2024 09:47am

فراڈ سے حاصل دولت بٹ کوائن میں تبدیل کرکے لندن لانے والی خاتون کے خلاف کارروائی

برطانوی اداروں نے بٹ کوائن کے ذریعے عالی شان املاک، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا خریدنے کی کوشش میں ملوث خاتون کے خلاف کارروائی شروع کی ہے۔

تفتیش کے دوران جیان وین کے آن لائن والیٹ میں کئی ارب ڈالر کے بٹ کوائن پائے گئے۔ یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ضبطی ہے۔ جیان وین پر منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے کرمنل کیس فائل کیا گیا ہے۔

42 سالہ جیان وین انگلینڈ کے علاقے لیڈز کے ایک ریسٹورنٹ میں کام کرتی تھی۔ وہاں اس کی ملاقات کرمنلز کے ایک ایسے گینگ سے ہوئی جو کرپٹو کرنسی کو عالی شان مکانات اور زیورات میں تبدیل کرنے میں ملوث تھا۔

اس گینگ سے رابطے کے بعد جیان وین 2017 میں لندن میں 6 بیڈ روم والے اپارٹمنٹ میں منتقل ہوئی جس کا ماہانہ کرایہ 17 ہزار پاؤنڈ تھا۔ وہ خود کو ایک انٹرنیشنل جیولری بزنس کی ملازم بتاتی تھی۔

2017 کے بعد سے جیان وین نے لندن میں کئی عالی شاہ مکانات خریدنے کی کوشش کی۔ قیمت چُکانے میں مشکلات پر اُس نے دعویٰ کیا کہ ریسٹورنٹ میں کام کرنے کے دوران وہ بٹ کوائن خریدتی رہی تھی۔

1.

جیان وین نے جرمن شہر زیورخ میں لاکھوں ڈالر کے زیورات خریدے اور 2019 میں دبئی میں بھی املاک خریدیں۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ جیان وین ثابت نہ کرسکی کہ اس نے بٹ کوائن کس طور حاصل کیے تھے۔ اس کی سرگرمیوں کا تعلق چین میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک بڑے اسکینڈل سے بتایا جاتا ہے۔

بدھ کو ساؤتھ آرک کراؤن کورٹ میں جیان وین پر دھوکا دہی اور منی لانڈرنگ کی فردِ جرم عائد کردی گئی۔ اسے 10 مئی کو سزا سنائی جائے گی۔ ابتدا میں میں کہا گیا تھا کہ وہ ایک کروڑ ڈالر مالیت کے 150 بٹ کوائن کی لانڈنرنگ کر رہی تھی تاہم بعد میں اندازہ ہوا کہ اس کے پاس 61 ہزار بٹ کوائن ہیں جن کی مجموعی مالیت کم و بیش 4 ارب ڈالر بنتی ہے۔

چیف کراؤن پراسیکیوٹر اینڈریو پینہیل کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ مختلف مجرمانہ سرگرمیوں اور دھوکا دہی سے حاصل شدہ آمدنی کو قانونی بنانے کے لیے بہت بڑے پیمانے پر بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔

Read Comments