راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق ڈی جی آئی ایس فیض حمید کے بڑے بھائی نجف حمید کی ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی، نجف حمید کو 2 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت کے جج علی نوازبکھر نے مالی فراڈ کے معاملے پر کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے نجف حمید کی ضمانت بعد ازگرفتاری منظورکرتے ہوئے نجف حمید کو 2 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ نحیف حمید کے خلاف اینٹی کرپشن نے یکم اگست 2023 کو مقدمہ درج کیا تھا۔
نجف حمید کو 2 روز قبل 18 مارچ کو ضمانت قبل ازگرفتاری خارج ہونے پر احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔
یاد رہے کہ اپریل 2023 میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے بھائی سردار نجف حمید کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے تحقیقات شروع کیں تھیں۔
اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر چکوال کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سردار نجف حمید کی زمینوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
اینٹی کرپشن راولپنڈی کے مطابق سردار نجف حمید نے نائب تحصیلدار سے گرداور کے عہدے پر ترقی کے لیے کئی سینئرز کو سُپر سیڈ کیا تھا اور آمدن سے زائد اثاثے بنائے تھے۔
واضح رہے کہ نجف حمید کو 16 فروری 2023 کو نائب تحصیل دار کے عہدے سے معطل کیا گیا تھا اور ان کو چارج فوری چھوڑ کر کمشنر آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔