پنجاب کے مزید 3 شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا جبکہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے رمضان نگہبان پیکج کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ٹیم کو مبارکباد دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا کہچھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کیا جائے، آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس مزید کتنی مہنگی ہوگی؟ عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے؟
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زیرِصدارت اجلاس ہوا جس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لیے سولر پینل دینے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے جامع پلان بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسانوں کو سولر پینل دیں، حکومت کا پیسا اس پر خرچ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کاشت کار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے، آڑھتی اور مل والوں کے استحصال سے کاشت کار کو بچایا جائے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کاشت کار کو جدید مشینری فراہم کریں گے، ڈرِپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم آئے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ مہنگی کھاد بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاگت میں کمی اور فصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں 3 شہروں میں پائلٹ سوک ایڈمینسٹریشن سینٹرز بنانے کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کرلیا گیا جبکہ پنجاب کے مزید 3 شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پرائس کنٹرول اور ویسٹ مینجمنٹ کے لیے تمام اضلاع میں نئے نظام کی ضرورت ہے، پرائس کنٹرول کا میکانزم نہیں ہے، محکموں کی کپیسیٹی بلڈنگ کریں۔
اجلاس کے دوران مریم نواز نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا۔
مسلم لیلگ ن کے قائد نواز شریف نے ہدایت کی کہ طلبہ کے لیے بائیک کی تعداد مزید بڑھائی، طلبہ کے لیے بائیک کی ماہانہ قسط کم از کم رکھی جائے، طلبہ کا مالی بوجھ بٹانا حکومت کی زمہ داری ہے، عوام کے لیے بس کا کرایہ بھی کم سے کم مقرر کا جائے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ طلبہ کو 19 ہزار پیٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیں گی، پیٹرول بائیک کی ماہانہ قسط 5 ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی، لاہور کے لیے 300، راولپنڈی 78، ملتان 100، فیصل آباد 110، بہاولپور 42 ہائبرڈ ڈیزل بسیں لائی جائیں گی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا طلبہ کے لئے بائیک کی ماہانہ قسط کم از کم رکھی جائے،طلبہ کا مالی بوجھ بانٹنا حکومت کی زمہ داری ہے۔