پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا مشہود احمد نے اپنے حلقہ کے الیکشن نتائج الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے لکھا کہ جنرل الیکشن 2024 میں سب سے زیادہ دھاندلی پی ٹی آئی کے آزاد امیدواران نے کی اور الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی کہاوت پرعمل کرتے ہوئے پورے ملک میں دھاندلی کا شور اور واویلا شروع کر دیا، جس کی ایک مثال پی پی 172 میں سرعام دھاندلی اور ڈِھٹائی کی صورت میں ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما میاں اظہر نے اس حلقے میں آر او کے ساتھ مل کر اصل نتائج کو تبدیل کیا، 9 فروری کو صبح 2 بجے تک رانا مشہود احمد خاں 6500 ووٹوں سے جیت رہے تھے مگر آر آو نے ملی بھگت کرتے ہوئے فارم 45 کی گنتی کی بجائے فارم 47 میں رانا مشہود احمد کو 2730 ووٹوں سے ہروا دیا۔
رانا مشہود احمد کا مزید کہنا تھا کہ ری کاؤنٹنگ میں میرے ووٹوں میں واضح برتری آنا شروع ہوگئی تو میاں اظہر کے بیٹے حماد اظہر نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کر دیا اور ری کاؤنٹنگ کے عمل کو متنازعہ بنا دیا، آر او کی ملی بھگت سے ری کاؤنٹنگ بلاوجہ معطل کر دی اور فارم 49 جاری کردیا، میں اپنے حق کے لیے آخری سطح تک جاؤں گا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کے حق کے لیے آخری حد تک جاؤں گا۔
الیکشن کمیشن کا اگلے ہفتے ٹربیونلز کے قیام کیلئے خط لکھنے کافیصلہ
انتخابی عذرداریوں کو نمٹانے کیلئے 2 صوبوں کیلئے الیکشن ٹربیونلزقائم