پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں بیرون ملک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دفتر کے باہر جو احتجاج ہوا وہ درست تھا، لیکن احتجاج میں فوج مخالف نعرے بازی کا انہیں علم نہیں۔
اڈیالہ جیل میں قائم کیے گئے کمرۂ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 3 کروڑ ووٹ ہماری جماعت کو ملے اور 3 کروڑ ووٹ 17 جماعتوں کو ملے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالیہ انتخابات کا آڈٹ کروایا جائے۔ آج الیکٹرانک ووٹننگ مشین ہوتی تو دھاندلی کا معاملہ ایک گھنٹے میں حل ہو جاتا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعلی امین گنڈاپور کی ملاقات پر عمران خان ںے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو شہباز شریف کے ساتھ تصاویر نہیں بنوانی چاہئیں تھیں، مجھے خدشہ ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کا فنڈ جاری نہیں کریں گے۔
انہوں ںے کہا کہ ہماری اکانومی ڈوب رہی ہے، ملک میں سخت ریفارمز کی ضرورت ہے یہ حکومت چل نہیں سکتی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی میرے گھر پر ڈاکا مارے اور کہے بھول جاؤں تو یہ کیسا انصاف ہے؟ ووٹ کو عزت دینے والوں نے بوٹ کو عزت دینا شروع کر دی ہے اور شریف خاندان کا بوٹ کے بغیر گزارہ نہیں ہے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس پر ان کا کہنا تھا کہ چوری ہوئی ہی نہیں اور کیس چل رہا ہے، پیسہ سپریم کورٹ سے حکومت کے پاس چلا گیا، یہ کیس اس لیے چلایا جارہا ہے کہ مجھے اگر ضمانت ملے تو اس میں پھنسا لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا سینیٹ الیکشن میں پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا اس پر آج تک کیس نہیں چل سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینے سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہے، سیاسی استحکام تب ہی ہوگا جب عوام کو اس کا چوری ہونے والا مینڈیٹ واپس کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 18 ماہ کے دوران ملک پر ریکارڈ قرضہ چڑھایا گیا نگران حکومت کانسپٹ مکمل تباہ کیا گیا، الیکشن کمیشن، مسلم لیگ ن اور باقی ادارے ملے ہوئے تھے، ان پر اعتماد نہیں، صاف شفاف انتخابات کروائیں جو بھی آئے مجھے منظور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر ریفارمز کی ضرورت ہے، جرمنی اور جاپان بھی ایک قوم بنی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اٹک جیل میں بہت برے حالات تھے، میرے ساتھ بہت سختی کی گئی، مجھے زمین پر سلایا گیا۔
صحافی نے سوال کیا شیخ رشید پارٹی چھوڑ گئے؟ اس پر کیا کہیں گے؟ تو عمران خان نے جواب دیا کہ شیخ رشید کا شغل مس کریں گے۔