آئی ایم ایف جائزہ مشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع وزارت خزانہ نے کہا کہ فریقین کے درمیان پیر یا منگل کے روز اسٹاف کی سطح پر معائدہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو بجلی ٹیرف میں بر وقت اضافے کی یقین دہانی کروا دی۔
بجلی کی قیمتوں میں یکم جولائی سے مزید اضافہ متوقع ہے، کاسٹ ری کوری کے لیے ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے کو ٹیکس ریونیو بڑھانے کے لیے معیشت کو بتدریج دستاویزی شکل دینے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات میں معاشی استحکام کے تسلسل کے لیے ضروری اصلاحات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف نے سخت مانیٹری پالیسی اور مارکیٹ بیسڈ ایکس چینج ریٹ کی پالیسی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مذاکرات کی کامیاب تکمیل پر ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی آخری قسط جاری کی جائے گی۔