لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی درج مقدمات کی تفصیلات لینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پولیس سمیت دیگر فریقین سے درج مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔
پرویزالہٰی نے درج مقدمات کی تفصیلات لینے کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی مقدمات پرویزالہٰی پر درج کیے جارہے ہیں، عدالت متعلقہ اداروں سے درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ خان لودھی پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ اس نوعیت کی درخواست پر جواب دے چکے ہیں، درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔
پرویزالہی کے وکیل نےکہا کہ ہم پرویز الہی کی ضمانتیں متعلقہ عدالتوں سے لے رہے ہیں جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ ان مقدمات ہونے والی ضمانتوں کے فیصلے کی کاپی درخواست کے ساتھ نہیں لگائی۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو جن مقدمات میں ضمانتیں ہوچکی ہیں، اس کا تحریری فیصلہ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔