سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمٹیڈ (ایس این جی پی ایل) کو لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں سے گیس کے کنکشن کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ 10 مرلے تک کے مکان میں گیس کنکشن لگوانے کی فیس 6 ہزار روپے اور 10 مرلے سے زیادہ کے مکانات کے لیے یہ فیس ساڑھے سات ہزار روپے ہے۔
اگر لاہور کے کسی علاقے میں گیس کا نیٹ ورک موجود ہے اور کام کر رہا ہے تو قریبی دفتر سے درخواست فارم حاصل کرکے یا پھر آن لائن فارم پر درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔
درخواست فارم ریجنل آفس، سب آفس یا گھر سے قریب ترین کسٹمر سروسز سینٹر میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔ درخواست فارم کے ساتھ قومی شناختی کارڈ کی کاپی، مکان کی ملکیت کے ثبوت کی کاپی اور گھر سے قریب ترین پڑوسی کا گیس کا بل جمع کرانا ہوگا۔
درخواست جمع کرانے کے بعد باضابطہ رسید حاصل کی جائے جو متعلقہ معاملات میں طلب کی جاسکتی ہے۔
گیس کنکشن کی درخواست کی بنیاد پر ادارے کا ایک افسر پروپوزل لیٹر یا ڈٰمانڈ نوٹس کے اجرا کے لیے فزیبلیٹی جانچنے کے لیے سروے کرے گا۔
پروپوزل لیٹر یا ڈیمانڈ نوٹس کی بنیاد پر سیکیورٹی اور سروس کے چارجز جمع کرانا ہوں گے تاکہ کنکشن دیا جاسکے۔
10 مرلہ تک کے مکان پر سروس لائن چارجز کی مد میں ڈیڑھ ہزار روپے اور سیکیورٹی کی مد میں ساڑھے چار ہزار روپے لیے جائیں گے۔ 10 مرلہ سے بڑے مکان پر سروس لائن چارجز کی مد میں 3 ہزار روپے اور سیکیورٹی کی مد میں ساڑھے چار ہزار روپے لیے جائیں گے۔نئے گیس کنکشن پر ارجنٹ یا فاسٹ ٹریک فیس 25 ہزار روپے ہوگی۔