اسلام آباد کی احتساب عدالت میں فلیگ شپ، ایون فیلڈ اورالعزیزیہ ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کی درخواست بریت پر سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنسز پر جواب جمع کروانے پر وقت مانگ لیا۔ عدالت نے نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنسز پر جواب جمع کروانے پر وقت مانگ لیا۔
وکیل صفائی نے کہا کہ رپورٹ جمع کروانے پر قریب کی تاریخ دیجیےگا۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ رپورٹ جمع کروانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دے دیں۔
عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ میرے پاس احتساب عدالت نمبر ایک اور 3 کا چارج ہے، احتساب عدالت نمبر 2 کا ڈیوٹی جج ہوں، آج چارج مل جائے گا۔
عدالت نے نیب کو 19مارچ تک ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروانے کا وقت دے دیا۔
حسن نواز اور حسین نواز کی درخواست بریت پر سماعت بھی 19مارچ کو ہوگی۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے تھے۔
عدالت نے پاناما ریفرنسز میں دونوں ملزموں کے اشتہاری ہونے کا اسٹیٹس بھی تبدیل کردیا تھا جبکہ عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی بریت کی درخواستوں پرنیب کونوٹسز جاری کیے تھے۔
گزشتہ روز بھی احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف فلیگ شپ، العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز پر وارنٹ منسوخی پر سماعت کیت تھی۔