وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے دو وزارتوں کے لیے صرف ایک ہی دفتر کے استعمال کا اعلان کردیا۔
وزیر داخلہ نے نارکوٹکس کی کارروائیوں کو وزارت داخلہ میں ضم کر دیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹویٹ کیا کہ نارکوٹکس کی کارروائیوں کو وزارت داخلہ میں ضم کرنے کا مقصد وسائل کی بچت اور قومی خزانے پر غیر ضروری بوجھ کو ختم کرنا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت انسداد منشیات میں میرے دفتر کے اسٹاف کو کسی اور شعبے میں تعینات کیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر انسداد منشیات محسن نقوی نے آج اجلاس کی صدارت بھی کی تھی، اس دوران انہیں وزارت کے امور کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی تھی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاکر منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔ منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں سے کسی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی۔