امریکہ، جاپان، روس اور ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے چار خلا باز 6 ماہ بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے زمین پر واپس آگئے۔ خلا بازوں کا کیپسول صبح خلیج میکسیکو کے سمندر میں گرا۔
ناسا کے مطابق عملے نے 6 ماہ کے دوران سیکڑوں تجربات میں حصہ لیا، جس میں خلائی پرواز کے مختلف دورانیے پر انسانی ردعمل کا مطالعہ اور خلائی اسٹیشن پر خوراک اگانے کا تجربہ شامل ہے۔
خلابازوں نے مشن کے دوران جگر کی تخلیقِ نو کو متاثر کرنے والی مائیکرو گریوٹی کی حد کا بھی جائزہ لیا۔
مشن کا مقصد ناسا کو چاند اور مریخ کی انسانی تلاش کے لیے مدد فراہم کرنا بھی تھا۔
خلائی مشن میں امریکا کی جیسمین موگبیلی، ڈنمارک کے اینڈریاس موگینسن، جاپان کے ساتوشی فروکاوا اور روس کے کونسٹنٹین بوریسوف شامل تھے۔
ناسا کے مطابق جیسمین موگبیلی نے خلاء میں چہل قدمی بھی کی۔