Aaj Logo

شائع 13 مارچ 2024 10:35am

رمضان اسپیشل: ایک پیکٹ سے 2 طرح کا مزیدارچکن پاستا بنائیں

کہتے ہیں مردوں کے دل تک پہنچنے کا راستہ معدےسے جاتا ہے ، لیکن جب بات ہو رمضان کی تو پھر مرد حضرات ہی نہیں بلکہ گھر کے ہر فرد کے دل تک معدے کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے ۔

اس لئے خاتون خانہ رمضان میں روزانہ ایسی تراکیب کی تلاش میں ہوتی ہیں، جسے افطار میں بنا کر سب کے دل جیت لیے جائیں ۔

چکن پاستا ایک ایسی ہی ترکیب ہے جو بچوں بڑوں سب کی پسندیدہ ہے اور نہ صرف عام دنوں میں بلکہ رمضان میں بھی گھر والوں کو خوب بھائے گی۔

آج ہم ایک ہی پیکٹ سے 2 طرح کے پاستا بناتے ہیں۔

اجزاء۔

چکن بون لیس ،آدھا کلو ۔ لہسن ادرک پیسٹ ، ایک کھانے کا چمچ ۔ سویا ساس، دوکھانے کے چمچ۔ چلی ساس ، دو کھانے کے چمچ ۔ نمک ،حسب ذائقہ۔ کالی مر چ ،ایک چائے کا چمچ ۔ تیل ، آدھا کپ ۔ کریم، آدھا کپ۔ اوریگانو،ایک چائے کا چمچ ۔گاجر ۔ایک عدد ۔ گوبھی ۔ ایک عدد چھوٹی ۔ شملہ مرچ ۔ایک عدد ، پاستا ایک پیکٹ، دھنیا ۔ گارنش کے لئے

کچی سبزیوں کو لمبائی میں کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں

آدھے چکن میں تھوڑاسا تیل ، نمک ، کالی مرچ ،ڈال کرمیری نیٹ کرلیں اور آدھے گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں ۔

ایک فرائی پین میں تھوڑا سا تیل ڈال کر ہلکا گرم کر لیں ۔ لہسن ادرک پیسٹ ڈال کر ہلکا بھون لیں۔ میری نیٹ کی ہوئی چکن شامل کر کے اس وقت تک پکائیں جب تک چکن اپنا رنگ نہ بدل لے ۔

اب اس میں کریم ڈال دیں اور گاڑھی ہونے پر آدھا پیکٹ ابلا پاستا ڈال دیں اوراوریگانوشامل کر کے اچھی طرح مکس کر لیں۔ چوپ کیا ہوا دھنیا اوپر سے چھڑک دیں۔

ایک دوسرے فرائی پین میں بقیہ تیل ڈال کر باقی بچی ہوئی چکن شامل کردیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک چکن کا رنگ تبدیل نہ ہوجائے ۔

چکن میں نمک ، کالی مرچ ،سویا ساس ، چلی ساس ، ڈال کر ہلکا بھون لیں ۔ بقیہ آدھا پیکٹ ابلے ہوئے نوڈلز شامل کرکےاچھی طرح مکس کر لیں ۔

کٹی ہوئی سبزیوں کو بھی نوڈلز میں شامل کر لیں ۔اور پانی خشک ہونے پر چولہا بند کر دیں۔

الگ الگ ڈش میں دونوں طرح کے پاستا نکال کر افطاری میں سرو کریں۔

Read Comments